پنڈدادنخان میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ بھاری مقدار میں سامان آتش بازی بھی برآمد کر لیا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں سامان آتش بازی برآمد کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ للِہ میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اسی طرح ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ٹیم نے ایک اور کارروائی کے دوران آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے بھی بھاری مقدار میں آتش بازی کا سامان برآمد ہوا، جس پر تھانہ جلالپور شریف میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی آتش بازی کے کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


