جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی کے لیے قائم ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انچارج کنٹرول روم صبور ثاقب نے ڈی سی جہلم کو کنٹرول روم کی کارکردگی اور سیکیورٹی حکمتِ عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے 500 سے زائد سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے مشتبہ حرکات اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے کنٹرول روم سے ہر لمحے کی نگرانی ممکن بنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی یا مشکوک صورتحال پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام میں کنٹرول روم کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ان کے فوکل پرسنز کی کنٹرول روم میں چوبیس گھنٹے موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری رابطہ اور کارروائی ممکن ہو سکے۔
ڈی سی جہلم نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر سیکیورٹی ادارے آپس میں قریبی رابطے میں رہیں اور کنٹرول روم کے ذریعے تمام سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں مربوط بنایا جائے۔ محرم کے جلوسوں کی پُرامن اور باوقار انداز میں تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی ہمہ وقت مستعدی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔


