سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے سوہاوہ کی مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانا تھا۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کریانہ سٹورز، سبزی و پھل فروشوں اور گوشت کی دکانوں پر قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کئی کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔
دکانداروں کو واضح ہدایت دی گئی کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور گراں فروشی کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جبکہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا عمل جاری رہے گا۔


