جہلم پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اقدامِ قتل کے مقدمہ میں ملوث 3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی اور تینوں ملزمان کو دھر لیا، جو اقدام قتل کے ایک اہم مقدمے میں مطلوب تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور انہیں جلد چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔


