جہلم کے علاقہ ملوٹ میں باؤلے کتے نے 3 بچوں اور ایک خاتون کو کاٹ لیا، زخمیوں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقہ ملوٹ کی ڈھوک سر میں باؤلے کتے نے 11 سالہ عون محمد اور ایک سالہ ایمان زہرا سمیت تین بچوں جبکہ 36 سالہ سدرہ کو کاٹ لیا۔
ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔ سول ہسپتال جہلم میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق کتے نے گزشتہ رات بھی دو افراد کو کاٹ لیا تھا، کتا زخمی حالت میں ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ باؤلا کتا علاقہ کے دوسرے شہریوں کے لیے بھی خطرہ بنا ہوا ہے، انتظامیہ فوری طور پر کتے کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرے ۔


