پیرس: فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اور اعزاز، پیرس کے نواحی شہر کے تاجروں نے چوہدری سلمان اسلم کو تاجران یونین کا صدر منتخب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فرانس میں تارکین وطن پاکستانی کمیونٹی کی نوجوان نسل فرانس کی سیاست اور بزنس میں دن بدن آگے بڑھ رہی ہے۔ پیرس کے نواح میں واقع 47 ہزار آبادی کے شہر شوازی لغوا “Choisy-Le-Roi” کی تاجران یونین کی صدارت کے لیے پاکستانی نوجوان، قانون دان پاکستان بزنس فورم فرانس کے سیکریٹری لیگل اینڈ انٹرنیشنل افیئرز چوہدری محمد سلمان اسلم کو صدرمنتخب کرلیا گیا۔
اس ایسوسی ایشن میں فرانسیسی، چائنا، عرب، ویت نام، افریقہ، کمور، کونگو، اٹلی، ترکی، پاکستان، بنگلادیش، انڈیا، سری لنکا، مغرب اور یورپین کمیونٹی کے پچاس سے زیادہ شعبوں کے تاجر شامل ہیں۔
نو منتخب یونین صدر سلمان اسلم جانی پہچانی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری کے بیٹے ہیں۔
چوہدری محمد سلمان اسلم کی صدارت میں ہونے والی“آکاک” ACAC ایسوسی ایشن کی اِس پہلی میٹنگ میں شوازی لُغوا Choisy-Le-Roi” کے تاجران کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی جس میں آنے والے دِنوں میں شہر کے میئر، نیشنل پولیس، میونسپل پولیس، ڈیپارٹمنٹ کے کمرشل سیکشن سے میٹنگ عمل میں لائی جائیں گی۔
ایسوسی ایشن کے اہم مقاصد میں شوازی لُغوا بالخصوص سنٹر میں بزنس کمیونٹی کو متحد رکھنا، اجتماعی ایکشنز عمل میں لانا، کاروباری احباب کو نیو ٹیکنالوجی سے بزنس ڈویلپمنٹ کرنے سے متعلق مکمل آگاہی، سالانہ اجتماعی بڑے بازار کا انعقاد، قانونی اور ایڈمنسٹرٹیو راہنمائی مہیا کرنا شامل ہے۔
تاجر ایسوسی ایشن میں شوازی لُغوا میں موجود پاکستانی تاجر بھی شامل ہیں، جن میں چوہدری امان اللہ، رضوان نسیم اختر، چوہدری قمر زمان، چوہدری احتشام افضل، کامران تارڑ، عمران تارڑ، فخر زمان، علی رضا،محمد علی عباس، حافظ ادریس، عدنان نسیم اختر اور دیگر شامل ہیں۔ یہ احباب اِس ایسوسی ایشن میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کریں گے ، اگلے چند روز میں تنظیم مکمل ہونے کے بعد ایگزیکٹیو کے عہدیداران کا اعلان کردیا جائے گا۔


