پنڈدادنخان میں سی سی ڈی اور ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلے میں دو خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے ککڑ پنڈی میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو خطرناک ڈاکو سدھیر صابر اور ندیم عباس مارے گئے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ دوران ناکہ بندی ایک موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے، ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا تاہم ٹیم کے اہلکار محفوظ رہے۔
@jhelumupdates 🚨 جہلم میں ایک اور مقابلہ 🚔 #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #viralvideos #foryoupagе #pinddadankhan #jhelum ♬ original sound – Jhelum Updates
ترجمان نے مزید بتایا کہ سی سی ڈی ٹیم نے ملزمان تعاقب کیا تو کچھ فاصلے پر دو ملزمان کی لاشیں ملیں جن کی شناخت سدھیر صابر ولد محمد صابر سکنہ کلس شریف ضلع سرگودھا اور ندیم عباس عرف بھولا ولد نذر محمد سکنہ 9 چک بھلوال ضلع سرگودھا کے ناموں سے ہوئی۔ ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔
سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موٹرسائیکل، چھینے گئے موبائل فونز، شناختی کارڈ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ہلاک ملزمان بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے سرکردہ رکن تھے جو ڈکیتی معہ قتل، راہزنی، چوری، موٹرسائیکل چوری اور غیر قانونی اسلحہ سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔ یہ ملزمان نہ صرف جہلم بلکہ منڈی بہاؤالدین اور دیگر اضلاع کی متعدد وارداتوں میں بھی مطلوب تھے۔
ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

