جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ضلع بھر میں سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاکہ ہر بچہ زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو سکے۔
داخلہ مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول جہلم میں منعقد کی گئی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے اپنے ہاتھوں سے بچوں کے داخلے کر کے مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تمام بنیادی سہولیات موجود ہیں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ، کوالیفائیڈ اساتذہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو مہنگے پرائیویٹ سکولوں کے بجائے سرکاری سکولوں میں داخل کروائیں، جہاں انہیں مفت تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی اس داخلہ مہم کا بنیادی مقصد تمام بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ معیاری تعلیم زیادہ سے زیادہ بچوں تک پہنچائی جا سکے۔


