سوہاوہ کے نواحی علاقہ میں ایدھی ایمبولینس کھائی میں جا گری، ڈرائیور تین گھنٹے بعد بے ہوشی کی حالت میں مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے دانی دہرہ کے گاؤں ڈڈیال پل کے قریب بارش اور پھسلن کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس (کیری ڈبہ) سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے تقریباً تین گھنٹے کے سرچ آپریشن کے بعد ایمبولینس اور اس کے ڈرائیور کو تلاش کر لیا۔ ڈرائیور بے ہوشی کی حالت میں ملا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایمبولینس دورانِ سفر تھی کہ اچانک اس کے سامنے ایک گیدڑ آ گیا۔ اسے بچانے کی کوشش کے دوران بارش اور سڑک پر پھسلن کے باعث گاڑی بے قابو ہو گئی اور سڑک سے نیچے گہرائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے مسلسل تین گھنٹے تک سرچ آپریشن جاری رکھا، جس کے بعد ڈڈیال پل کے قریب زمین میں الٹی ہوئی ایمبولینس کا سراغ لگا لیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ڈرائیور گاڑی سے باہر بے ہوشی کی حالت میں ملا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔


