جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے شہریوں کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے ڈی پی او آفس جہلم میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں ڈی پی او جہلم کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کرتے ہوئے شکایات کے ازالے اور مسائل کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈی پی او جہلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو میرٹ پر اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کریں اور مقررہ وقت کے اندر عمل درآمد رپورٹ پیش کریں۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل، بروقت انصاف کی فراہمی اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


