جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز فور کے تحت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی تھے۔
تقریب میں ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری، ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ، محکمہ زراعت کے دیگر افسران اور کامیاب کاشتکاروں نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی نے ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پانے والے ضلع جہلم کے 68 کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں، جس پر کاشتکاروں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔
اس موقع پر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام صوبے میں جدید مشینی زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ پروگرام کے تحت فی ٹریکٹر ساڑھے سات لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جو کاشتکاروں کے لیے ایک نمایاں مالی سہولت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرضوں کی فراہمی بھی کاشتکاروں کو اپنی زرعی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا کہ ضلع جہلم میں گرین ٹریکٹرز پروگرام شفاف انداز میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ضلع میں سبسڈی پر 232 ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ موجودہ فیز فور کے تحت مزید 106 ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ حکومتی سہولیات اور زرعی پروگراموں کے ثمرات مؤثر انداز میں کاشتکاروں تک پہنچائے جائیں۔
ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز فور کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 822 ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 106 ٹریکٹرز ضلع جہلم کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کو 50 سے 65 ہارس پاور تک کے ٹریکٹرز منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا، جبکہ کامیاب امیدواروں کا انتخاب ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے شفاف انداز میں کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو حکومتی زرعی سہولیات سے مستفید کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس بھی ماہانہ بنیادوں پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولت پر اظہارِ تشکر کیا۔


