جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ادویات کی مفت فراہمی، سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو معیاری صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ انہوں نے ہسپتال عملے کو حاضری یقینی بنانے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت نہ برتنے کی سختی سے ہدایت کی۔


