جہلم: محکمہ سکول ایجوکیشن نے تدریسی عمل کے دوران اساتذہ کی جانب سے موبائل فون کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کلاس روم میں تدریس کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تدریسی اوقات میں موبائل فون کا بلا ضرورت استعمال تعلیمی سرگرمیوں اور تدریسی عمل کو متاثر کرتا ہے، جس کے باعث اساتذہ کو دورانِ تدریس موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تدریسی عمل کے دوران موبائل فون کا استعمال ممنوع ہوگا، تاہم کسی حقیقی سرکاری ضرورت یا ہنگامی صورتحال میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور تدریسی اوقات میں اساتذہ کی جانب سے موبائل فون کے استعمال کی کڑی نگرانی کریں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی سربراہان تدریسی عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گے تاکہ کلاس روم میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ بلا ضرورت موبائل فون استعمال کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ تدریس کے دوران موبائل فون کے استعمال پر محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے اسکول سربراہان پر زور دیا ہے کہ وہ اساتذہ کو ہدایات سے آگاہ کریں اور تعلیمی ماحول کو بہتر، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔


