جہلم: ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پانچ روزہ مہم انتہائی کامیابی سے جاری ہے اور اس مہم کی سخت نگرانی کی جارہی ہے اس مہم کے دوران 2لاکھ 84ہزار سے زائد بچوں کوگھر گھر جا کر پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ضلع جہلم میں جاری پانچ روز ہ پولیو مہم کے سٹاف کی اچانک چیکنگ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں کے سپروائزر مہم کی سخت نگرانی کریں کوئی ایک بچہ بھی ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہئیے، یہ مہم ہمارا قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی قسم کی لاپرواہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے محکمہ صحت کے عملہ سے پولیو مہم بارے تفصیلات معلوم کیں اور مختلف شہریوں کے گھر وں میں جا کر ان سے پولیو مہم بارے آگاہی حاصل کی۔
ڈی سی جہلم نے سی او ہیلتھ جہلم کو ہدایت کی کہ وہ اس پانچ روزہ مہم کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مہم کو کامیابی سے مکمل کیا جائے اورکوئی بچہ ویکسین سے محروم ہو کر عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو جائے۔


