دینہ میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر تین پورہ کے مقام پر گجرات سے راولپنڈی جانے والی ایک کاروان گاڑی تیز رفتاری اور ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پل کی ریلنگ سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں ایک بزرگ شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد متاثر ہوئے، جن میں چھ افراد شدید زخمی جبکہ دو افراد معمولی زخمی تھے۔ شدید زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام متاثرہ افراد کا تعلق ضلع گجرات سے تھا۔ زخمی ہونے والوں میں 70 سالہ خالد ولد رحمت خان، 32 سالہ عدنان ولد غلام رسول، 27 سالہ شازیہ بی بی زوجہ خالد، 60 سالہ واجدہ بی بی زوجہ غلام رسول اور 17 سالہ سوہام ولد محمد عمران شامل ہیں جبکہ 25 سالہ محمد وقاص ولد اظہر اقبال اور 32 سالہ شازیہ ولد غلام رسول کو معمولی زخمی ہونے پر موقع پر ہی فرسٹ ایڈ دی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق 65 سالہ غلام رسول ولد شفیق کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ شہریوں نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔


