دی ہیگ:پاکستان اسلامک سنٹر دی ہیگ میں بارہ روزہ محافلِ میلادالنبی ﷺ کا انعقاد تزک واحتشام سے کیا گیا۔
اس حوالے سے پاکستان اسلامک سنٹر کی انتظامیہ نے محفل جشن میلادالنبیﷺ کا اہتمام کیا۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
نقابت کے فرائض صوفی شفیق چشتی نے ادا کیے، بارگاہِ رسالت مآبﷺ میں خادم مجتبیٰ بٹ، میاں مظفر اور صاحبزادہ حسنین میاں بدرالقادری نے گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
مولانا بلال قادری نے ڈچ زبان میں مختصر خطاب کیا۔ پاکستان اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ غلام مصطفیٰ نقشبندی نے بھی خصوصی خطاب کیا اور نبی اکرمﷺ کی ولادت باسعادت کو انتہائی دلنشین انداز میں بیان کیا۔
آخر میں پاکستان ایمبیسی ہالینڈ کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ درود و سلام مولانا حاجی سرفراز نوشاہی نے پیش کیا۔ علامہ غلام مصطفیٰ نقشبندی نے دعا کرائی۔