جہلم: وفاقی وزیر ریلوے اور وزیراعظم شکایات سیل کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے اپنے حلقہ این اے 60 کا دورہ کیا، جہاں عوام کی جانب سے صفائی، تجاوزات اور سیوریج کے مسائل کی نشاندہی پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے عباس پوری سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی شکایات سنیں، جنہوں نے تجاوزات اور سیوریج لائن کی بندش جیسے بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔ بلال اظہر کیانی نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ ان مسائل کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سابق کونسلر راجہ تصور ایوب کی شادی میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے دولہا کو نیک تمناؤں سے نوازا۔ تقریب کے دوران بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل بیان کیے، جنہیں انہوں نے نہ صرف تحمل سے سنا بلکہ فوری ایکشن کی یقین دہانی بھی کروائی۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، قائد میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پالیسی عوامی خدمت پر مبنی ہے، جس میں زیرو ٹالرینس اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو بھی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کا بروقت اور شفاف حل یقینی بنائیں۔


