امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ صاحبِ خرد اور عقل مند لوگ وہ ہیں جو کھڑے، بیٹھے اور لیٹے ہر حال میں اللہ کا ذکر کرتے ہیں۔ اس سے مراد ذکرِ خفی ہے جو قلب سے کیا جاتا ہے۔ جب باطنی ذکر کا پہلو پیدا ہوگا تو ذکرِ کثیر کی کیفیت نصیب ہوگی۔ صوفیائے کرام ذکر کی تلقین کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ تہجد کے وقت کے ذکر اور شام کے ذکر کی پابندی کی جائے۔ یہ دونوں اوقات کا ذکر انسان کو دائمی ذکر تک لے جاتا ہے، جس سے بندہ ہمہ وقت اللہ کی طرف متوجہ رہتا ہے۔
دوروزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ آج کی غفلت کے اسباب میں سب سے بڑا سبب حرام مال ہے۔ حلال کے نام پر حرام ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔ آج ہمارے اندر سود اس حد تک سرایت کر چکا ہے کہ ہمارے لباس کی ایک ایک تند سود سے بنے دھاگے سے تیار کی گئی محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم غفور الرحیم ہیں۔ اگر کوئی شخص کسی غلطی کا ارادہ کرتا ہے لیکن اس غلط کام کو انجام نہیں دیتا اور اسے اس لیے چھوڑ دیتا ہے کہ یہ غلط کام ہے تو اللہ کریم اس پر بھی اجر اور ثواب عطا فرماتے ہیں۔ اللہ کریم اتنے کریم ہیں کہ بندے کے ارادے اور اس کی نیت کو بھی دیکھتے ہیں۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے مزید کہا کہ جب انسان کے خیالات تک میں پاکیزگی داخل ہو جائے گی تو وہ اس حقیقت کو سمجھنے لگے گا کہ اس نظم کا کوئی مالک ہے اور جو کچھ میرے پاس ہے وہ اسی کا عطا کردہ ہے۔ اصل ملکیت اللہ کریم کی ہے، میرے پاس تو صرف امانت ہے اور یہی میرا امتحان ہے۔ مجھے اس امانت میں خیانت نہیں کرنی۔
انہوں نے کہا کہ انسان جب اللہ کریم کی تخلیق کو دیکھتا ہے تو عرض کرتا ہے کہ میرے اللہ! تو نے اس سب کو بے فائدہ نہیں بنایا۔ ہم اپنی مرضی کے نفاذ کے لیے پوری کوشش کرتے ہیں کہ معاملات ویسے ہی ہوں جیسے ہم چاہتے ہیں، لیکن کسی شے کو عین اس کے مقام سے ہٹا دینا ظلم ہے، جبکہ کسی شے کا عین اس کے مقام پر ہونا عدل کہلاتا ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ عقل مندی یہ ہے کہ انسان اپنی کوشش اور سعی پوری کرنے کے بعد معاملہ اللہ کریم کے سپرد کر دے۔ انہوں نے تلقین کی کہ اپنے معمولات میں نفلی عبادات کو شامل کیا جائے اور اپنے اہل و عیال کو نمازِ پنجگانہ کا پابند بنایا جائے تاکہ گھر کا ماحول بھی دینی تربیت اور اللہ کی یاد سے وابستہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنی زندگی کے معمولات میں اللہ کریم کی یاد، عبادت اور پاکیزہ طرزِ زندگی کو جگہ دینی چاہیے، کیونکہ اللہ کی طرف توجہ اور ذکرِ الٰہی انسان کو غفلت سے نکال کر درست سمت میں لے جاتا ہے۔
یاد رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان کینیڈا اور امریکہ کے سالانہ روحانی تربیتی دورے پر چھ ہفتوں کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، جہاں مختلف شہروں میں پروگرامز کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران مختلف کمیونٹیز سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔


