سوہاوہ/ جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم کا دورہ کیا، پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ میں سیکنڈ ائیر میں پاس آوٹ ہونے والے بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی، ڈی پی او ناصر محمود باجوہ اور انچارج سویٹ ہوم زمرد خان بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔
سویٹ ہوم کے کیڈٹس نے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کو گارڈ آف آنر پیش کیا، سویٹ ہوم انتظامیہ نے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک اور دیگر مہمانوں کو سویٹ ہوم کا دورہ کروایا اور وہاں تعلیمی عمل بارے بریفنگ دی۔
پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کی تقریب سے کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویٹ ہوم جیسے ادارے مثالی ہیں جہاں معاشرے کے بے سہارا لیکن ہونہار بچوں کی صلاحیتوں کو نکھار کر ان کو مثالی کیڈٹ بنایا جاتا ہے۔ یہ کیڈٹس ہمارا روشن مستقبل اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بنیں گے۔
اس موقع پر کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے اعلی کارکردگی کے حامل کیڈٹس میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔
تقریب کے اختتام پر سرپرست پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج زمرد خان کی جانب سے مہمانان گرامی کو پھولوں کا گلدستہ اور یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی۔


