جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد ہوا جس میں سی او ایجوکیشن نازیہ شہزادی نے ضلع بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران سی او ایجوکیشن نازیہ شہزادی نے بتایا کہ ضلع جہلم میں موجود تعلیمی اداروں کی تعداد، ان میں تدریسی عملے، دیگر سٹاف اور طلبہ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ درپیش ضروریات اور کارکردگی کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کی گئی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور طلبہ کی کارکردگی میں بہتری کے لیے جدید تعلیمی طریقہ کار اپنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی نظام میں شفافیت اور جدید اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے اور وہ دورِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بن سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے محکمہ تعلیم کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔


