جہلم: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کی نگرانی میں آج ریسکیو 1122 جہلم کے تمام سٹاف کا ماہانہ فزیکل فٹنس ٹیسٹ منعقد کیا گیا۔
اس ٹیسٹ میں جہلم کے تمام ریسکیو افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ جہلم کی باقی تین تحصیلوں میں ریسکیو اسٹیشنز کے انچارج نے بھی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایات کے تحت تحصیل سوہاوہ، دینہ اور پنڈدادنخان کے ریسکیو اہلکاروں کا فزیکل ٹیسٹ لیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے کہا کہ اس ٹیسٹ کا مقصد ریسکیورز کی صحت کو برقرار رکھنا اور ان کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے تاکہ وہ ایمرجنسی کی صورتحال میں بہتر طریقے سے مدد فراہم کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک تندرست جسم ہی تندرست دماغ کا حامل ہوتا ہے اور ریسکیورز کے لیے یہ فٹنس ٹیسٹ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ٹیسٹ ہر ماہ منعقد کیا جاتا ہے تاکہ چاق و چوبند ریسکیورز ایمرجنسی کے دوران عوام کی مدد میں اپنی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کر سکیں۔


