قرآن کریم اور اسوہ ٔرسولﷺ سے رہنمائی حاصل کرکے اجتماعی ترقی کی جاسکتی ہے، علمائے کرام

بریڈفورڈ: جامع مسجد عثمانیہ بریڈفورڈ میں معراج النبی صلی اللہ وعلیہ وسلم اور خلیفہ اوّل سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

علامہ مفتی محمد بشیر احمد طاہر کی زیر نگرانی کانفرنس میں حجۃ الاسلام پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی اور علامہ مفتی چمن زمان نجم قادری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سید سلطان حسین شاہ مشہدی، صاحبزادہ سید عابد حسین شاہ، قاری محمد اشرف، قاری عابد حسین، صاحبزادہ محمد الیاس اور دیگر نے شرکت کی۔

علماء نے کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معراج النبی ﷺ وہ زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم نے کی۔ معراج شریف کے اس عظیم معجزے کو تسلیم کئے بغیر روح اور ایمان کی تشنگی کا مداوا نہیں ہوتا معراج النبی ﷺتکمیل انسانیت کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معراج شریف کی عظمت موجودہ دور کی انسانیت کو متوجہ کرتی ہے کہ آج اگر ہم نے انسانیت میں ہر قسم کے امتیازات اور تفریق کو ختم کر کے اسے وحدت بخشنا ہے، انسانی معاشروں کو امن، خوشحالی، عدل و انصاف اور جامع و اجتماعی ترقی سے ہم کنار کرنا ہے تو پھر ہمیں اُسوہ رسول اللہ صلی اللہ وعلیہ وسلم اور قرآن کریم سے راہ نمائی حاصل کر نا ہوگی۔

علماء نے افضلیت سیدنا صدیق اکبر ضی اللہ تعالیٰ بیان کرتے ہوئے کہا کہ معراج پاک کی سب سے پہلے تصدیق کرنے والے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی ہیں معراج پاک کی تصدیق کرنے پر حضورنبی اکرم ﷺ نے آپ کو صدیق کالقب عطا فرمایا، اہل سنت و جماعت کا اس بات پر اجماع ہے کہ انبیاء و رسل بشر و رسل ملائکہ علیہم الصلوٰۃ والسلام کے بعد سب سے افضل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، آپؓ کی پوری زندگی اسوہ رسول ﷺ سے عبارت ہے، آپؓ اطاعت رسول کا جیتا جاگتا نمونہ تھے، آپ نے سنت رسول ﷺسے بال برابر ہٹنا گوارا نہ کیا اور نبی کریم ﷺ کی محبت میں اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔

تقریب کے آخر میں پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی نے امت مسلمہ، کشمیر، فلسطین اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button