جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی ڈسٹرکٹ جہلم سے ٹرانسفر کے موقع پر جہلم پولیس کی جانب سے جہلم جمخانہ کلب میں الوداعی تقریب اور شاندار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
الوداعی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم خالد محمود بھٹی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ، سپرنٹنڈنٹ جیل جہلم حسن مجتبیٰ اور جملہ ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ تقریب میں اے ڈی سی جی مس صباء سحر، اے ڈی سی آر حسان طارق سمیت مختلف ادارہ جات کے سربراہان بھی الوداعی تقریب میں شریک ہوئے۔
جہلم پولیس کے افسران نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے سیدہ رملہ علی کی تعیناتی کو ضلع جہلم کا سنہرا دور قرار دیا۔
اس موقع پر سابق ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ضلع جہلم کی عوام نے جو پیار دیا وہ تاحیات یاد رہے گا۔ جہلم پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کی قیادت میں جو کامیابیاں سمیٹی ہیں وہ لائق تحسین ہیں، میں امید کرتی ہوں کہ جہلم کی عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کا مشن جاری رہے گا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سیدہ رملہ علی سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ رہی ہے، جہلم کی تاریخ میں آپ کا دور سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔ ترقیاتی کام، صفائی ستھرائی ، جہلم کی تزئین و آرائش ، محکمہ صحت و تعلیم غرض ہر شعبے میں آپ نے مثالی کام کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ اور دیگر شرکائے تقریب نے ڈپٹی کمشنر کوتحائف اور پھول پیش کئے اور ان کے بہتر مستقبل کی نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔


