جہلم: فلاحی کمیٹی مجاہدہ آباد جہلم کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر اوورسیز پاکستانی عزیز و اقارب اور دوست احباب کے تعاون سے 330 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔
فلاحی کمیٹی کے ذمہ داران کے مطابق اس مرتبہ بھی راشن خاموشی اور رازداری کے ساتھ مستحق خاندانوں تک باوقار انداز میں پہنچایا گیا، جسے اہلِ علاقہ اور شہریوں نے خوب سراہتے ہوئے کمیٹی کے عہدیداران اور ممبران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فلاحی کمیٹی گزشتہ 41 سال سے زائد عرصے سے مستحق اور نادار افراد کی خدمت میں پیش پیش ہے اور ہر سال خاموشی اور رازداری کے ساتھ ضرورت مند خاندانوں تک مدد پہنچاتی ہے تاکہ ان کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔ اس فلاحی ادارے کی بنیاد 1980ء میں چوہدری محمد لطیف مرحوم نے رکھی تھی جبکہ گزشتہ 8 سال سے چوہدری عبدالرشید بطور سرپرست ادارے کی فلاحی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
چوہدری عبدالرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی کمیٹی نہ صرف رمضان المبارک میں بلکہ سال بھر مستحق خاندانوں کی مدد کرتی ہے اور ہر ماہ تقریباً 30 خاندانوں کو راشن فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ضرورت مند بچیوں کی شادی کے لیے جہیز کا سامان، سکول کے طلبہ و طالبات کے لیے یونیفارم، سلائی مشین اور مالی امداد بھی فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے ادارے کے تمام عہدیداران، ممبران، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور تعاون کرنے والوں خصوصاً شاہد علی محشر کریانہ اسٹور کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ فلاحی کام جاری ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبہ خدمت کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی عزیز و اقارب اور دوست احباب ہر سال رمضان المبارک سمیت دیگر مواقع پر بھرپور تعاون کرتے ہیں جس کی بدولت سینکڑوں مستحق خاندانوں تک امداد پہنچائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم مخیر حضرات کا یہ جذبہ انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہے۔


