جہلم: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہسٹاریکل ریسرچ سوسائٹی جہلم کے زیر اہتمام تاریخی نوادرات کی آن لائن نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں وطن کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کو محفوظ رکھنے اور انہیں نئی نسل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالشکور ملک اور دیگر سماجی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے شکنجے سے نکل کر ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن سکتا ہے۔ جہادِ کشمیر، معرکہ راجستھان، کارگل، جنگِ ستمبر اور معرکہ حق 2025 کی تاریخ نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ ایمان اور حب الوطنی سے سرشار عوام اور افواج ہی اصل ہتھیار ہیں۔ ان کی قربانیوں کے واقعات کو محفوظ کر کے دنیا کے سامنے پیش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں دوست اور دشمن میں تمیز کر سکیں۔
نمائش میں بڑی محنت اور عرق ریزی سے محفوظ کیے گئے آرمی میڈلز، تاریخی ڈاک ٹکٹ، تصاویر اور دیگر نوادرات ڈسپلے کیے گئے جنہیں حاضرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
تقریب میں محسن عباس، عامر صدیقی، صفدر بیگ، ڈاکٹر عبدالشکور ملک، ملک اسلم، شکیل کیانی، راشد معظم، اکرام حسین، شمیم اختر، ڈاکٹر فاضل، بلال حسین، لئیق اکبر، شکیل احمد، جبران مصطفی، عثمان گل اور ملک یوسف سمیت دیگر کی قیمتی کلیکشن شامل کی گئی جسے میڈیا نے بھی نمایاں کوریج دی۔


