پنڈدادنخان میں اسلحے کی نوک پر دکاندار کو دھمکیاں دینے والے متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے دھریالہ جالپ کے مین بازار میں ویگو ڈالے پر سوار ہو کر اسلحے کی نوک پر دکاندار کو ڈرانے دھمکانے اور خوف و ہراس پھیلانے والے متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
دھریالہ جالپ کے مرکزی بازار میں پیش آنے والے اس واقعے کے دوران مبینہ طور پر ویگو ڈالے پر سوار مسلح افراد نے ایک دکاندار کو اسلحے کی نوک پر دھمکیاں دیں، جس سے بازار میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان ملک نثار احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کی اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کی بروقت کارروائی پر سماجی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او ملک نثار احمد اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سماجی نمائندوں کا کہنا تھا کہ اسلحے کی نمائش، شہریوں کو سرعام دھمکیاں دینے اور بازاروں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ایسے واقعات سے نہ صرف شہریوں بلکہ تاجروں کے تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سماجی حلقوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق اسلحے کی نمائش اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ تحصیل پنڈدادنخان میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانون کی عملداری یقینی بنانا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی قیادت میں پنڈدادنخان پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہریوں، بالخصوص تاجروں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔


