جہلم:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے جہلم کے شہری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان اوریا مقبول جان کی سہولت کاری کرتے تھے، ملزمان مرتضیٰ خان اور احمد حسن کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، ملزمان اداروں، عدلیہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف شرانگیز مواد فراہم کرتے تھے، ملزمان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وزیراعلٰی پنجاب کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مزنگ لاہور کے ایک شہری کی درخواست پر درج کیا گیا۔ ملزمان کے فون سے ایسی نامناسب میمز ملی ہیں جس میں وزیراعلٰی کی جعلی تصاویر بنائی گئی تھیں۔
ملزم مرتضیٰ کا تعلق لاہور کے علاقہ مزنگ اور احمد حسن کا جہلم سے ہے، ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔


