جہلم جی ٹی روڈ پر سلنڈر استعمال کرنے والی مسافر گاڑیاں شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن گئیں جبکہ پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی نے سنگین سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ مسافروں کے سروں پر خوف کے سائے منڈلانے لگے ہیں کیونکہ کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چک اکا اور چک مہیوں کے مقامات پر قائم پٹرولنگ پولیس کی چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ، سلنڈر استعمال کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کے بجائے مبینہ طور پر سہولت فراہم کرنے میں مصروف ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پولیس کی یہ غفلت شہریوں کے لیے شدید خطرے کا باعث بن رہی ہے، کیونکہ سلنڈر کے ذریعے چلنے والی گاڑیاں کسی بھی وقت حادثے کا شکار ہو سکتی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جی ٹی روڈ پر سفر کے دوران متعدد مسافر ویگنوں اور کوسٹرز میں گیس سلنڈر کھلے عام استعمال کیے جا رہے ہیں، جن کی کسی قسم کی جانچ پڑتال نہیں کی جاتی۔ اس صورتحال میں نہ صرف مسافروں بلکہ دیگر راہگیروں کی جانیں بھی خطرے میں پڑی ہوئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پولیس کی جانب سے اس سنگین غفلت پر فوری ایکشن لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا جانی نقصان پیش آسکتا ہے۔
علاقہ مکینوں اور مسافروں نے ایس پی پٹرولنگ پولیس راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں، چک اکا اور چک مہیوں چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب سلنڈر اتارنے اور ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا پابند بنائیں تاکہ مسافر خوف و خطر کے بغیر سفر کر سکیں۔


