جہلم: ضلعی انتظامیہ اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں کمی اور ملاوٹ شدہ اشیاء پر کنٹرول کرنے میں بری طرح نا کام ،دکاندار نہ صرف من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں بلکہ کیمیکل زدہ ملاوٹی اشیاء سر عام فروخت کر نے میں بھی مصروف عمل ہیں۔
جہلم شہر میں کم وزن نان اور روٹی کی زائد نرخوں پر فروخت معمول بن چکی ہیں جبکہ کیمیکل سے تیار ناقص و مضر صحت دودھ سرعام فروخت کیا جا رہا ہے جس سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو ر ہے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونے کیوجہ سے شہری مجبوراً مضر صحت دود ھ ، دہی خریدنے پر مجبور ہیں، متعلقہ ذمہ داران کو روزانہ کی بنیاد پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گوالوں کو چیک کرنے کا پابند بنایا جائے، کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مضر صحت دودھ کی ترسیل بند ہو سکے۔


