جہلم: انجینئر عامر خٹک کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ضلع جہلم کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران تحصیل سوہاوہ، دینہ اور جہلم میں جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں اور بڑے ترقیاتی پیکجز کا جائزہ لیا گیا۔ دورے کا مقصد ترقیاتی کاموں کی رفتار، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔
دورے کے آغاز پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے سوہاوہ اور دینہ میں شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات کا معائنہ کیا، جہاں میر رضا اوزگن ڈپٹی کمشنر جہلم نے انہیں شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش، گرین بیلٹس کی بحالی اور بیوٹیفیکیشن کے دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بعدازاں ڈی سی آفس جہلم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو واسا کی مختلف ترقیاتی سکیموں، للِہ تا جہلم ڈیول کیرج روڈ اور جلال پور نہر کے منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعمیراتی کام کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ افسران کو خود فیلڈ میں جا کر منصوبوں کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے شہروں کی بیوٹیفیکیشن کے جاری منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف شہری ماحول بہتر ہو رہا ہے بلکہ عوام کو بہتر اور خوشگوار سہولیات بھی میسر آ رہی ہیں۔ انہوں نے ان منصوبوں میں مزید بہتری اور پائیداری لانے کے لیے متعلقہ محکموں کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔


