جہلم: ضلع جہلم میں ایل پی جی کی مبینہ طور پر سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث گھریلو صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت مقرر کی گئی ہے، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی سرکاری نرخ کے بجائے اس سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے، جس سے عام صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب ایل پی جی فروخت کرنے والے بعض دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں سپلائی کرنے والے پلانٹس، ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز سے گیس سرکاری نرخوں کے مطابق دستیاب نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق اگر انہیں ایل پی جی مقررہ نرخوں پر فراہم کی جائے تو وہ معمولی منافع پر سرکاری قیمت کے مطابق فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، اوگرا اور دیگر متعلقہ ادارے ایل پی جی کی سپلائی چین اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی کریں، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری کی شکایات کا فوری ازالہ کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


