جہلم: فیس کی مد میًں لاکھوں روپے کا فراڈ اور گورنمنٹ ایسوی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم کی متعدد طالبات کا مستقبل خطرے میں ڈالنے والا کلرک کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ایسوی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم کے کلرک (لیب سپروائزر) فاروق اقبال نے طالبات سے فیسیں لے کر غبن کردیں۔ کلرک نے 50سے زائد فرسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کی طالبات سے داخلہ فیس لے کر جمع نہیں کروائی جس کی وجہ سے راولپنڈی بورڈ نے طالبات کی رول نمبر سلپ جاری نہیں کی ہے۔
راولپنڈی بورڈ کی طرف سے رول نمبر سلپ نہ آنے پر کالج انتظامیہ حرکت میں آئی اور پانچ لاکھ روپے اضافی جرمانہ ادا کرکے رول نمبر جاری کروائی گئیں جبکہ متعدد طالبات کو تاحال رول نمبر سلپ جاری نہ ہو سکیں۔

دوسری جانب طالبات اپنے والدین کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچ گئیں۔ طالبات نے کہا کہ کل ہمارا پیپرز ہے اور ہماری رول نمبر سلپ نہ جاری ہونے کی وجہ ہمارا سال ضائع ہوجائے گا۔ ہم نے بار بار کالج پرنسپل کو کہا کہ ہماری رول نمبر سلپ نہیں جاری ہوئی تو انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا۔
گورنمنٹ ایسوی ایٹ کالج فار وومن جہلم کے کلرک فاروق اقبال کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کالج پرنسپل کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا۔


