جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امام بارگاہ زینبیہ سے بیت العباس تک مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امسال ضلع جہلم میں 700 سے زائد مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 160 کے قریب چھوٹے اور بڑے جلوس برآمد کیے جائیں گے۔ ان تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی اور انتظامی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مجالس اور جلوسوں کے تمام روٹس پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے انتظامات اور لٹکتی بجلی و ٹیلیفون تاروں کو فوری طور پر درست کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سیکیورٹی حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور بھاری پولیس نفری کے ذریعے کی جائے گی۔ مزید برآں جلوسوں کے راستوں سے ملحقہ ذیلی گلیوں اور راستوں کو سیل کیا جائے گا جبکہ داخلے کے لیے مخصوص پوائنٹس مقرر کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، امن کمیٹیوں اور علمائے کرام کے باہمی تعاون سے بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور امن کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔
حکام نے میونسپل کمیٹی، واپڈا، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور تمام انتظامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔


