پنڈدادنخان: جہلم پولیس نے قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم، موبائل فونز اور آلاتِ قمار بازی برآمد کر لیے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قمار بازی میں ملوث 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 85 ہزار روپے نقد رقم، 5 عدد موبائل فونز جن کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 37 ہزار روپے بنتی ہے، جبکہ قمار بازی میں استعمال ہونے والے دیگر آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ قمار بازی ایک سماجی برائی ہے جو مختلف جرائم اور معاشرتی خرابیوں کو جنم دیتی ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیس اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔


