سوہاوہ: اے این ایف کا منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 5 کارروائیوں میں 43 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ سوہاوہ پر گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 4 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی، دورانِ کارروائی صوابی کا رہائشی مُلزم گرفتار ہوا۔
فیصل آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان میں چھپائی گئی 2 کلو 400 گرام آئس برآمد کی گئی، فیصل آباد کی رہائشی خاتون پرواز نمبر G-9563 کے ذریعے شارجہ کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملتان ایئرپورٹ پر پرواز نمبر QR-617 کے ذریعے قطر جانے والا خانیوال کا رہائشی گرفتار ہوا، مسافر کے پیٹ سے ہیروئن اور آئس بھرے 135 عدد کیپسولز برآمد ہوئے۔
راوی موٹر وے ٹول پلازہ لاہور کے قریب مسافر بس میں سوار سوات کا رہائشی مُلزم گرفتار کیا گیا، دورانِ کاروائی ملزم سے 1 کلو 10 گرام کوکین برآمد کی گئی، خیبر کے علاقے زخہ خیل میں اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 10 کلو منشیات برآمد کر لی گئی۔
ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔