جہلم: اولڈ جی ٹی روڈ کی سڑک کو تعمیر کر دیا گیا لیکن ڈیوائیڈر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آنے اورجانے میں بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے ڈیوائیڈروں کو فی الفورمکمل کیا جائے۔
ٹھیکیدار نے چند ایک مقامات پر ڈیوائیڈر تعمیر کرکے باقی سڑک کو حادثات کے لئے چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سے نوٹس لینے اور ایکسین پراونشل ہائی وے دینہ ایٹ جہلم سے ڈیوائیڈر تعمیر کرنے کا مطالبہ کردیا۔
جادہ تا شاندار چوک سڑک تعمیر کر دی گئی ہے لیکن ٹھیکیدار نے کمال مہارت سے سڑک کے وسط میں ڈیوائیڈر تعمیر کرنے کی بجائے چند ایک مقامات پر ڈیوائیڈر تعمیر کرکے بقایا سڑک کو لاوارث چھوڑ دیا ہے جبکہ سڑک پر موجود بااثر افراد ہوٹلز مالکان ، نجی سکولز و ہسپتالوں کے مالکان نے ٹھیکیدار کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے درجنوں مقامات پر یوٹرن قائم کرلئے ہیں جس کیوجہ سے حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سے مطالبہ کیاہے کہ اولڈ جی ٹی روڈ پر ٹھیکیدار کو ڈیوائیڈر تعمیر کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ اندرون شہر پیش آنے والے حادثات میں کمی واقع ہو سکے اور شہری بلا خوف و خطر موٹر سائیکل اور گاڑیاں سڑک پر رواں دواں رکھ سکیں ۔


