جہلم شہر اور گرد و نواح میں موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی فارمی مچھلی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔
منافع خور مچھلی فروشوں نے راہو، سنگھاڑا، کالا رہو اور سول مچھلی سمیت دیگر اقسام کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس اور قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونے کے باعث مچھلی فروش شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق جونہی موسمِ سرما کا آغاز ہوا، شہر اور مضافاتی علاقوں میں مچھلی کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس بڑھتی ہوئی طلب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مچھلی فروشوں نے اپنی مرضی سے نرخ بڑھا دیے، جس سے عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال مچھلی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ معیار اور وزن کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی نے منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس سے غریب عوام کے لیے مچھلی خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
شہر کی سماجی و کاروباری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے، مچھلی کے سرکاری نرخ مقرر کرنے اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


