فواد چوہدری الیکشن سے قبل نااہل ہوئے تو امیدوار کون ہو گا؟ حبا فواد نے بتا دیا

سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے کہا ہے کہ اگر فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن سے نااہل کر دیا گیا تو میں ان کی جگہ انتخابات میں حصہ لوں گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سمجھ نہیں آ رہا کہ میرے خاندان میں اتنے اختلافات کیوں ہو گئے ہیں، خاندان میں میرے خلاف سیاست کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ خاندان کے کافی افراد میرے خلاف ہو گئے ہیں، فواد چوہدری الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں اور ان کی مہم میں خود چلاؤں گی۔

ایک سوال کے جواب میں حبا فواد نے کہاکہ فیصل چوہدری کے الیکشن لڑنے سے متعلق مجھے کچھ نہیں معلوم، چوہدری شہباز ہمارے بڑے ہیں، الیکشن ضرور لڑیں لیکن کسی کو ذاتیات پر نہیں اترنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ خاندان میں اختلافات سے متعلق فواد چوہدری جانتے ہیں، میرے خاندان میں لڑائی کس بات کی ہے سمجھ نہیں آ رہا۔

انہوں نے کہاکہ وہ نوازشریف کی عزت اس لیے کرتی ہیں کہ وہ وزیراعظم رہے ہیں، سیاسی حمایت کبھی نہیں کی۔

حبا فواد نے کہاکہ فواد چوہدری پی ٹی آئی چھوڑ کر بھی جیل میں کیوں ہیں، سمجھ نہیں آ رہا۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے 9 مئی کے واقعات کی بنیاد پر پی ٹی آئی چھوڑ دی تھی مگر اس کے باوجود اس وقت مختلف مقدمات میں جیل میں ہیں اور توہین الیکشن کمیشن کیس میں ان پر نااہلی کی تلوار بھی لٹک رہی ہے۔

فواد چوہدری کی عدم موجودگی میں ان کی اہلیہ نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا ہے جس کی بنیاد پر خاندان میں اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ حبا فواد نے گزشتہ دنوں اپنے دیور فیصل چوہدری کے خلاف بھی گفتگو کی تھی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button