جہلم میں پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے مقدمہ میں دو ملزمان کو گرفتار لیا۔ گرفتار ملزمان سے 2 عدد موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کیا گیا، جو مختلف وارداتوں میں استعمال کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور انہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد چالان عدالت پیش کیا جائے گا، تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی کارروائیاں اسی تسلسل سے جاری رہیں گی۔


