جہلم: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ضلع جہلم کا دورہ کیا اور اس موقع پر تھانہ سول لائنز، تھانہ سٹی اور تھانہ دینہ کا معائنہ کیا۔
آر پی او نے تھانوں کی بلڈنگز، فرنٹ ڈیسک، حوالات، میس ہال اور مال خانہ کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری تنصیبات اس ملک و قوم کی امانت ہیں، جن کی حفاظت اور دیکھ بھال ہر اہلکار کی ذمہ داری ہے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، شہریوں کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا جائے اور زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے۔ تھانہ جات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر آر پی او نے پولیس اہلکاروں سے ملاقات بھی کی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تھانوں کو عوام دوست بنایا جائے تاکہ شہری بلا جھجک پولیس کے پاس اپنے مسائل لے کر آئیں۔
شہری حلقوں نے آر پی او کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی۔


