جہلم: حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے پروگرام نیور فارگیٹ یور گورنمنٹ سکول (جو یاد دہانی ہے ان صاحب دل طلباء کے لئے جو اپنے مادر علمی کو بھول گئے ) کے تحت عملی کاوش کی گئی۔ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی نے گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز جادہ میں ایسے بڑی تعداد میں منتخب بچوں کو بہترین بیگز و کاپیاں پہنچائی، اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔
اس تقریب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے نہ صرف شرکت کی بلکہ روڈ سیفٹی کی آگاہی دی اور ان سے وعدہ لیا کہ بنا لائسنس کے موٹرسائیکل نہیں چلانی اور سڑک پر چلنے کی احتیاطی تدابیر بھی بتائیں۔
سی او ایجوکیشن جہلم رانا جاوید نے کہا کہ محکمہ تعلیم حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کا مشکور ہے کہ مخلوق اللہ کی آسانی کے لئے اتنے پروگرامز چلانے کے علاوہ تعلیم کے فروغ و آگاہی کے لئے ایک خوبصورت عملی پروگرام بھی چلا رہی ہے۔
صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ نے بچوں سے عہد لیا کہ جب وہ بڑے آدمی بنیں گے تو اپنے سکول اور طلباء کو نہیں بھولنا، ان کی بہتری کی کاوشیں کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی خصوصی طور پر فوجی فرٹیلائز کمپنی کے برگیڈئیر راجہ طلعت محمود جنجوعہ کی بھی مشکور ہے جو اس احسن اقدام میں شامل حال رہے۔ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی ایک احساس کرنے والے خوبصورت معاشرے کے قیام کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے۔
اس موقع پر نجی بینک کے منیجر راجہ شہزاد حسن جنجوعہ بھی موجود تھے ۔


