پنڈدادنخان: تحصیل بھر میں دودھ کے نام پر کیمیکل محلول کی فروخت، کیمیکل ملے دودھ سے شیرخوار بچے، بوڑھوں سمیت شہری بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق علاقے بھر اور گرد و نواح میں کیمیکل سے تیار کردہ دودھ کی فروخت دھڑلے سے سرعام جاری ہے، درجنوں کی تعداد میں موٹر سائیکل، سوزوکی اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے گھریلو طور پر واشنگ مشینوں کے ذریعے کیمیکل سے تیار کردہ دودھ کی ترسیل کا دھندا کھلے عام جاری ہے۔
مضر صحت دودھ کے باعث شیر خوار بچے سمیت شہری بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ دودھ کے نام پر بنایا گیا سفید کیمیکل چند گھنٹوں بعد ہی نہ صرف رنگ تبدیل کرنا شروع کر دیتا ہے بلکہ اس میں سے بدبو کے ساتھ ساتھ کیمیکل کا ذائقہ بھی ظاہر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
محکمہ فوڈ اٹھارٹی سمیت اشیائے خوردونوش کی جانچ پڑتال کرنے والے ادارے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مضر صحت دودھ بنانے اور بیچنے والوں کی جانچ پڑتال نہیں کرتے۔
اہل علاقہ نے حکومت پنجاب، فوڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر اس قسم کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور ملوث افراد کو جرمانوں کی بجائے گرفتار کیا جائے۔