پنڈ دادنخان: شہریوں کو معیاری اور بروقت صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور طبی مشینری کو مکمل ورکنگ حالت میں رکھا جائے تاکہ علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے وارڈز اور واش رومز کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی صفائی اور طبی معیار کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جائیں اور مریضوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال عملے کے رویے اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو پابند کیا کہ معائنے کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جائے تاکہ ہسپتال کے نظم و ضبط میں مزید بہتری لائی جا سکے اور شہریوں کو علاج معالجے میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


