جہلم: عوام میں کرپشن کے منفی اثرات، شفافیت اور دیانت داری کی اہمیت اجاگر کرنے اور معاشرے کو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے متحرک کرنے کے مقصد سے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جہلم کے زیرِ اہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک کا آغاز دفتر 15 سے ہوا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی شاندار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک میں شرکاء نے کرپشن کے خلاف آگاہی پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
واک کی قیادت اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم کی محترمہ علینہ خضر بوسال، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جہلم خضر حیات خان، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن جہلم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم سہیل ناصر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم علیم یوسف نے کی۔
واک میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران و اہلکاران، این جی اوز کے نمائندگان، طلبہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور معاشرے میں دیانت داری کو پروان چڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بدعنوانی معاشرتی اور اقتصادی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، جس کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ سول سوسائٹی اور عام شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں کرپشن کے منفی اثرات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے، شفافیت کو فروغ دینے اور دیانت داری کو معاشرتی اقدار کا حصہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے صرف سرکاری اداروں کی کارروائیاں کافی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ شفاف اور دیانت دار معاشرے کے قیام کے لیے عوامی شعور اور اجتماعی تعاون بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
واک کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کرپشن فری پنجاب کے وژن اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی قیادت میں بدعنوانی کے خلاف جاری اقدامات کو سراہا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنے، شفافیت اور دیانت داری کو فروغ دینے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے ہوئے شفاف، دیانت دار اور کرپشن فری پنجاب کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


