پنڈدادنخان میں سی سی ڈی ٹیم نے کامیاب کرتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور کے قتل میں ملوث خطرناک ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں سی سی ڈی ٹیم نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کے دوران ٹیکسی ڈرائیور ملک مظہر ونیس کے قتل میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
سی سی ڈی ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ تھانہ پنڈدادنخان میں درج مقدمہ قتل کیس میں مطلوب ملزمان ڈھوک وینس چوک کے قریب موجود ہیں۔ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سی سی ڈی ٹیم نے مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
فائرنگ کے تبادلے اور بھگدڑ کے دوران ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، جس کے بعد سی سی ڈی ٹیم نے موقع پر ہی انہیں قابو میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ابرار سکنہ چک مجاہد اور محمد بہار خان سکنہ پشاور کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مختلف نوعیت کے متعدد مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ قتل کیس کی تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔


