پڑی درویزہ: عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی سوشل میڈیا پر فراڈیے گروپس متحرک ہو گئے ہیں اور عوام کو جعلی امدادی اسکیموں کے ذریعے دھوکہ دینے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے موبائل فونز اور سوشل میڈیا پر ایک پیغام تیزی سے گردش کر رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہر پاکستانی کو 13 ہزار روپے بطور امداد فراہم کر رہی ہے۔
پیغام کے ساتھ ایک مشکوک لنک بھی شیئر کیا جا رہا ہے اور صارفین کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ امدادی رقم حاصل کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کر کے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس پیغام کو فراڈ قرار دیتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے جعلی لنکس کے ذریعے موبائل صارفین کا ذاتی ڈیٹا، بینک معلومات اور دیگر حساس معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
موبائل صارفین اور سماجی حلقوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس جعلی لنک اور اس کے پیچھے موجود عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے تاکہ سادہ لوح شہری ایسے فراڈ سے محفوظ رہ سکیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر مصدقہ لنکس پر ہرگز کلک نہ کریں اور کسی بھی حکومتی اسکیم کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں۔


