جہلم: پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں مختلف مقامات پر سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 422 افراد، 175 گھروں جبکہ 18 ہوٹلوں اور بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔
دورانِ سرچ آپریشن تھانہ سول لائنز کے علاقہ میں ایک شراب سپلائر ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 32 لیٹر شراب برآمد کر لی گئی جبکہ ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔


