جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی “اوپن ڈور پالیسی” کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن روزانہ کی بنیاد پر عوامی سماعت کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری دفاتر اور عوام کے درمیان موجود فاصلے کو ختم کرنا اور شہریوں کے انتظامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اپنے دفتر میں روزانہ سائلین سے براہِ راست ملاقات کرتے ہیں اور ان کی شکایات سن کر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کرتے ہیں۔ ان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے تمام شعبوں، بالخصوص ریونیو اور بلدیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ عوامی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔
عوامی سماعت کے دوران زمین کے تنازعات، ڈومیسائل کے اجرا، صفائی ستھرائی اور دیگر میونسپل سروسز سے متعلق متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی عوامی سماعت سے نہ صرف شہریوں کے مسائل بروقت حل ہو رہے ہیں بلکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں شفافیت اور جوابدہی بھی بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے جائز کاموں کو میرٹ پر فوری مکمل کریں۔


