جہلم: میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت سوشل ویلفیئر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد دوررس اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہمت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے ضلع جہلم نے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اب تک ضلع میں 626 ہمت کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 416 کارڈز کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کے مزید 17 خصوصی افراد کے لیے امدادی آلات کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے خصوصی افراد کے سرکاری کوٹہ پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مختلف اداروں میں بھرتی ہونے والے خصوصی افراد میں تقرری کے آرڈرز بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق ان افراد کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں خصوصی طور پر معذور امام مساجد کی مالی معاونت پر بھی غور کیا گیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں فوری وظیفہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات شروع کرنے کی ہدایت دی۔
شہر کے انفراسٹرکچر کو خصوصی افراد کے لیے سازگار بنانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ تمام کمرشل پلازوں اور بڑی عمارتوں کے باہر خصوصی ریمپس تعمیر کیے جائیں تاکہ وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کو نقل و حرکت میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں معاشرے کا باوقار اور فعال شہری بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔


