مانچسٹر: امت مسلمہ باہمی اتحاد کے فقدان کے باعث دگرگوں حالات سے گزر رہی ہے۔ مسلمانوں کی تعداد دوارب سے زائد ہونے کے باوجود وہ شکست و ریخت کا شکار ہیں، باھمی اتحاد کیلئے قرآن وسنت کے مطابق اولیاء کرام کی روحانیت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہارسالانہ عرس حضرت سخی سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ مانچسٹر کے موقع پرسجادہ نشین دربار عالیہ سلطان باہوسلطان فیاض الحسن قادری سروری نے بطور صدرو مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حضرت سخی سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات پر عمل کرکے متحد و منظم ہوا جا سکتا ہے اور عالم اسلام کی عظمت ،شان و شوکت کو بحال ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ ،یورپ میں نوجوان نسل کو قرآن کریم کی تعلیمات اور عشق مصطفیٰ کی رغبت اور اولیاء کرامؒ کی تعلیم محبت سے روشناس کرایا جائے۔
اس موقع پر خطیب جامع مسجد سلطان باھو مانچسٹر استاد القراء علامہ قاری ظہور احمد سیفی نے کہاکہ قرآن کریم کی تعلیمات اور مکارم اخلاق تاجدارِ انبیاء ومرسلین خاتم النبیین ﷺ پر عمل کرکے امت مسلمہ پھر سے شان وشوکت بحال کر سکتی ہے ۔
سالانہ عرس سلطان باھو مانچسٹر کی تقریب میں پاکستان اورنارتھ ویسٹ انگلینڈ سے علمائے اکرام، ثناء خوان ،ادارہ مہناج القران مانچسٹر کے رفقاء، سلطان باہو کےعقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں علامہ عمر حیات قادری، حافظ عمران عاصی، سید محمد یوسف شاہ، قاری حافظ ریان نقشبندی، احمد نواز قادری، حافظ شاہد پرویز، حافظ عبدالحکیم، غلام مصطفیٰ، امام سبطین علی و دیگر نے شرکت کی۔ پاکستان کےمعروف نعت خواں قاری شاہد محمود نے رسولِ کریم ﷺکی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی۔
عرس کی تقریب میں دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ قرآن مجید ہمارے لئے مشعل راہ ہے، حبیب کبریا ﷺکی تعلیمات کو عام کیا جائے، الحمدللہ قران کریم کی تلاوت کرنے سے انسان کی تکالیف اور مسائل حل ہو جاتے ہیں اور ذہنی سکون ملتا ہے۔ اس موقع پر حضرت سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ کی روحانی تعلیمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین پیر سائیں سلطان فیاض الحسن قادری سروری نے فلسطین، کشمیر اور پاکستان کی سلامتی، عالمی امن کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔


